اسلام آباد،لاہور ( آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ساہیوال واقعہ پر عوام کا غصہ بجا ہے۔ میں قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ قطر سے واپسی پر گناہگاروں کو مثالی سزا دلواؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس اسٹرکچر پر نظر ثانی کروں گا بلکہ پولیس اصلاحات کا عمل بھی شروع کروں گا۔
دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر سانحہ ساہیوال پر بنائی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم ( جے آئی ٹی )کے ممبران کی تعداد میں اضافہ کر دیا گیا۔اس سے قبل پنجاب حکومت کی جانب سے ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ پنجاب پولیس اعجاز شاہ کی سربراہی میں حساس اداروں کے نمائندوں پر مشتمل جے آئی ٹی تشکیل دی گئی تھی ۔ تاہم اب ڈی ایس پی انوسٹی گیشن برانچ پنجاب خالد ابو بکر اور ایس ڈی پی او صدر ساہیوال فلک شیر کو بھی اس میں شامل کر لیا گیا ہے ۔جے آئی ٹی واقعہ کی تحقیقات کر کے تین روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا ہے کہ راؤانوارسے ساہیوال کے واقعہ تک مقابلوں میں اموات کاسلسلہ ختم کرنا ہوگا، حکومت ہونے کے ناطے ہماری ذمہ داری ہے کہ جاری سلسلہ ختم ہو۔نجی ٹی وی کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سانحہ ساہیوال سے متعلق اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ راؤ انور سے ساہیوال کے مقابلوں میں اموات کاسلسلہ ختم کرناہوگا، ہمیں قانونی کی حکمر انی قائم کرنا چاہیے۔حکومت ہونے کے ناطے ہماری ذمہ داری ہے جاری سلسلہ ختم ہو، جوابدہی سب کے لیے ہونی چاہیے۔