اسلام آباد(اے این این)وزیر ریلوے شیخ رشید نے ڈیم فنڈ کی مد میں محکمہ ریلوے کی جانب سے چھ کروڑ روپے جمع کروا دیئے ۔شیخ رشید نے امدادی رقم کا چیک چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار سے ملاقات کے دوران ان کے حوالے کیا۔گزشتہ سال وزیر ریلوے شیخ رشید نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے محکمے کی جانب سے ڈیمز فنڈ میں سالانہ 10 کروڑ روپے جمع کروائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیم فنڈ کی مد میں 100 روپے کے ٹکٹ پر ایک اور اس سے اوپر کی ٹکٹ پردو روپے بڑھائے جائیں گے جو ڈیم کے لیے مختص ہوں گے۔ڈیمز کی تعمیر کے لیے قائم کیے گئے فنڈز کا اکائونٹ چیف جسٹس کی ہدایت پر گذشتہ 5 جولائی کو فعال کیا گیا تھا اور اکائونٹ میں 6 جولائی سے رقم جمع ہونا شروع ہو گئی تھی۔چیف جسٹس کی ڈیمز فنڈ کی اپیل میں اس وقت تیزی دیکھنے میں آئی جب وزیر اعظم عمران خان نے عوام سے بالخصوص سمندرپار پاکستانیوں سے ڈیمز کی تعمیر میں حصہ لینے کی درخواست کی۔ڈیم فنڈ میں ملک بھر کے سرکاری اور نجی اداروں کے علاوہ تمام ملکی اور بیرون ملک بسنے والے پاکستانیوں کی جانب سے بھرپور طریقے سے مالی امداد کی گئی اور اس کا سلسلہ اب تک جاری ہے۔ماہرین کے مطابق اب تک ڈیم فنڈ کے لیے نو ارب 18 کروڑ 90 لاکھ 89 ہزار 585 روپے اکھٹے کیے جا چکے ہیں تاہم اس منصوبے پر کام شروع کرنے کے لئے مطلوبہ رقم کا حجم 1400 ارب روپے بتایا گیا ۔واپڈا کے مطابق دیامر بھاشا ڈیم 4500 میگاواٹ بجلی پیدا کرے گا، یہ منصوبہ گلگت کے ضلع دیامر اور کے پی کے ضلع کوہستان میں قائم ہوگا۔