اسلام آباد(آئی این پی ) پاکپتن دربار اراضی کیس میں جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے نواز شریف کو ذمہ دار قرار دے دیا،سپریم کورٹ نے نواز شریف اور پنجاب حکومت سے دو ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔ منگل کو سپریم کورٹ میں پاکپتن دربار اراضی الاٹمنٹ کیس کی سماعت ہوئی تو معاملے کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے زمین منتقل کرنے کے احکامات میں نواز شریف کو ذمہ دار قرار دے دیا۔سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی رپورٹ پر نواز شریف سے دو ہفتوں میں جواب طلب کرلیا ہے۔ عدالت نے پنجاب حکومت کو بھی
اپنا جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ زمین کی الاٹ منٹ کس نے کی تھی؟ جس پر سربراہ جے آئی ٹی نے بتایا کہ زمین الاٹمنٹ اس وقت کے وزیراعلیٰ پنجاب نواز شریف نے کی تھی۔چیف جسٹس نے کہا سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کس قانون کے تحت وقف زمین کا نوٹیفکیشن واپس لیا، وقف پراپرٹی کو کیسے بیچ دیا گیا ؟ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا ڈسٹرکٹ جج، ہائیکورٹ نے کہہ دیا تھا کہ وقف زمین کا نوٹیفکیشن واپس نہیں ہوسکتا، کس قانون کے تحت وقف زمین کا نوٹیفکیشن واپس لیا گیا ؟