اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) مری میں ان دنوں خوب برفباری ہو رہی ہے جس کی وجہ سے سیاحوں کا بہت رش ہے ۔نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے سیاحوں نے کہا کہ مری میں رش بہت ہے مگر سیاحوں کو تنگ کرنے کی بات درست نہیں ہے، یہاں ہوٹلوں کے کرائے کئی گنا بڑھادیئے گئے ہیں جبکہ کھانے پینے کی چیزیں بھی بہت مہنگی ہے،اگر شکایت کریں تو الٹا بدتمیزی کرتے ہیں۔
فیملی کے ساتھ آنے والے لوگیہاں بہت پرابلم میں ہیں، ٹوائلٹ کا مسئلہ بہت زیادہ ہے، ہوٹلوں پر انتظامیہ کا کسی قسم کا کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں ہے، مقامی لوگ بہت تعاون کرنے والے ہیں کوئی خاص مسئلہ درپیش نہیں آیا، لاہور سے مری تک ایکسپریس وے کی تعمیر شاہد خاقان عباسی کا کارنامہ ہے، پی ٹی آئی کی حکومت کو آئے ابھی چار مہینے ہوئے ہیں کام کیلئے انہیں وقت دینا ہوگا۔مری کے مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ ہم مری آنے والے لوگوں کی مدد کرتے ہیں لیکن وہ ہمارا ساتھ نہیں دیتے، لوگوں سے گزارش ہے کہ اپنا رویہ بہتر کریں ہم ہر وقت سیاحوں کیلئے حاضر ہیں۔اس موقع پر پروگرام کے میزبان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کو مری میں کار پارکنگ پلازے بنانے ، پانی کی کمی دور کرنے اور ٹریفک کے مسائل حل کرنے کیلئے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے،ان کی اس بات کی سیاحوں نے بھی بھرپور تائید کی۔اس موقع پر مری سے پی ٹی آئی کے منتخب رکن قومی اسمبلی صداقت علی عباسی نے کہا کہ مری میں توقع سے زیادہ مہمانوں کے آنے کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل پیدا ہوتے ہیں، سیاحتی مقام پر لوگوں کو سہولتیں فراہم کرنے کی پوری کوشش کررہے ہیں، مری کا سوشل میڈیا پر جو امیج نظر آتا ہے وہ الگ ہے آج نیا نقشہ نظر آئے گا، مری سے متعلق افواہیں پھیلائی جاتی ہیں، مری میں مقامی لوگ سیاحوں کی مدد کیلئے ہر وقت تیار رہتے ہیں۔صداقت علی عباسی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت مری میں ٹورازم کو جلد انڈسٹری کا درجہ دے گی۔
پہلے چار مہینوں میں مری میں مینجمنٹ کے مسائل حل کرنے پر توجہ دی ہے، مری سے لوگ وزیر اور وزیراعظم رہے مگر یہاں کوئی یونیورسٹی کالج نہیں ہے، مری میں پچھلے تیس سال میں کوئی ہسپتال نہیں بنایا گیا، مری کے دو بڑے مسائل تعلیم اور صحت کے ہیں جس کی وجہ سے مقامی لوگ نقل مکانی کررہے ہیں، پی ٹی آئی حکومت کی کوششوں سے مری میں اگلے دو ماہ میں ہسپتال شروع ہوجائے گا، پنجاب ہاؤس کو یونیورسٹی کیمپس بنایا جارہا ہے، مری میں پانی کی قلت بہت بڑا مسئلہ ہے، پرویز الٰہی نے دریائے جہلم سے پانی لفٹ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا جو شاہد خاقا ن عباسی نے بند کرادیا، اگلے بجٹ میں مری میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سے پارکنگ پلازہ بنائیں گے۔