اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ہی فارماسیوٹیکل کمپنیوں نے ڈرگ اتھارٹی کے حکام پر مزید دبائو بڑھانے کے لئے مارکیٹ سے الرجی اورانسانی جان بچانے والی ضروری ادویات غائب کر دیں ۔ ڈاکٹر وں کے مطابق اس وقت مارکیٹ سے الرجی کی دوا TEL FASTاور FEXITD مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہے جس کی وجہ سے الرجی کے مرض کا شکار مریض دوا کے حصول کے لئے میڈیکل سٹوروں پر مارے مارے پھر رہے ہیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق اس وقت ادویات مہنگی ہونے کے شور
سے بچنے کے لئے فارما سیوٹیکل کمپنیوں نے جان بوجھ کر مارکیٹ میں الرجی سمیت جان بچانے والی ادویات کی مصنوعی قلت پیدا کر دی ہے ۔روزنامہ 92 نیوز کے مطابق ڈریپ ذرائع کا کہنا ہے کہ جب بھی ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کیا جاتا ہے فارما سیوٹیکل کمپنیاں کسی بھی عوامی دبائو سے بچنے کے لئے ضروری ادویات کی مصنوعی قلت پیدا کر دیتی ہیں تاکہ عوامی دبائو کو کم کیا جا سکے ۔ ذرائع کے مطا بق اس وقت مارکیٹ میں دمہ اور بلڈ پریشر کے علاج میں استعمال ہونے والی متعدد ادویات بھی غائب کر دی گئی ہیں۔