اسلام آباد(سی پی پی ) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریارآفریدی نے کہاہے کہ سازشی عناصر پاک فوج کیخلاف پروپیگنڈہ کرکے پاکستان کو کمزور کرنا چاہتے ہیں ‘تاہم نئی نسل ایسے عناصر کی باتوں میں نہیں آئے گی‘حکومت مدارس کے طلبا وطالبات کو قومی دھارے میں لانے کے لیے ٹھوس اقدامات جبکہ دینی مدارس کے بچوں کے بنیادی مسائل کو حل کرے گی۔
امت مسلمہ میں اتحاد نہ ہونے کے باعث اغیار ہم پر حاوی ہورہے ہیں۔ اسلام آباد کی عظیم دینی درسگاہ جامعہ قاسمیہ میں اپنے دورہ کے موقع پر اساتذہ وطلبا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار آفریدی کا کہنا تھاکہ مدارس میں تعلیم حاصل کرنے والے بچے اوران دینی اداروں کو بنانے والے افراد مبارک باد کے مستحق ہیں جنہوں نے قوم کے ان ہونہاروں کواللہ اوراس کے رسولﷺ کے ارشادات عالیہ پڑھنے کاموقع فراہم کیا،اشرف المخلوقات ہونے کے باوجود آج مسلمانوں کوکافروں سے زیادہ مسلمانوں سے خطرہ ہے‘ایک مسلک والادوسرے مسلک والے کوبرداشت نہیں کررہا،دنیاہم سے کوسوں آگے نکل چکی ہے ،آج عوام مدارس کے علما وطلبا کو سپورٹ کرنے کے بجائے صرف دعاوں پراکتفا کرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت ملک میں یکساں نظام تعلیم رائج کرناچاہتی ہے‘ہم چاہتے ہیں کہ مدارس سے تعلیم حاصل کرنے والے بھی ملک کے بڑے عہدوں پر آئیں اورملک کی خدمت کریں۔انہوں نے کہاکہ ہم مدارس کی حالت بہترکرنے کانعرہ لگاکراقتدار میں آئے ہیں‘حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ مدارس کے بچوں کی تمام ضروریات کاخیال کرے ۔
شہریارآفریدی نے کہاکہ ہمیں بحیثیت قوم فوج کی خدمات کامعترف رہناچاہئے ،خدانہ کرے وہ وقت آئے جب ہماری فوج کمزور ہوجائے ،آج ہم جس آرام سے زندگی گزررہے ہیں اس کے پیچھے فوج کی قربانیاں شامل ہیں‘ہم دنیا میں دیکھ رہے کہ جن ممالک کی فوج کمزور رہے وہاں ماؤں بہنوں کی عصمت محفوظ نہیں،ہمیں اپنی ماؤں بہنوں کی عصمت کی خاطراداروں کے وقار کااحترام کرناہوگا۔