پشاور(اے این این) پشاور ہائی کورٹ کے جج جسٹس قیصر رشید نے ریمارکس میں کہا ہے کہ نیب پریس اور نیوز چینل کی حد تک بڑا فعال نظر آرہا ہے باقی کچھ نہیں کررہا۔پشاور ہائی کورٹ میں مقدمے کی سماعت کے دوران نیب پراسیکوٹر کی کمی پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا، اس موقع پر ڈی جی نیب خیبر پختونخوا فرمان اللہ جان عدالت میں پیش ہوئے، جسٹس قیصر رشید نے ڈی جی نیب سے استفسار کیا کہ نیب پراسیکوٹر کی کمی کیوں ہے، ہائیکورٹ میں صرف دو پراسیکوٹر ہیں جو کبھی ایک اور
کبھی دوسری عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں۔ڈی جی نیب خیبر پختونخوا نے عدالت کو بتایا کہ چیئرمین نیب نے منظوری دی ہے جلد پراسیکوٹر تعینات کریں گے، ہائی کورٹ کے جج جسٹس قیصر رشید نے ریمارکس میں کہا کہ نیب پریس اور نیوز چینل کی حد تک بڑا فعال نظر آرہا ہے باقی نیب کچھ نہیں کررہا، نیب کا اپنا یہ حال ہے کہ کیسز کی پیروی کیلئے پراسیکوٹر نہیں ہے، چیئرمین نیب کو پیغام پہنچائیں کہ میرٹ پر قابل لوگوں کو بھرتی کریں، پراسیکوٹر نہ ہونے کی وجہ سے نیب کے کیسز متاثر ہورہے ہیں۔