اسلام آباد(آن لائن) ایک طرف کفایت شعاری دوسری طرف سینیٹرز کے غیر ملکی دورے،اراکین سینیٹ نے گذشتہ تین سالوں میں246 غیر ملکی دوروں پر کروڑوں روپے خرچ کر دئیے۔ تفصیلات کے مطابق اراکین سینیٹ کے گذشتہ تین برس کے عرصے میں غیر ملکی دوروں کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں ۔امیگریشن ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کے مطابق سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے سرکاری خرچ پر17 غیر ملکی دورے کئے۔
جبکہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈی والا نے سرکاری خرچ پر پانچ غیر ملکی دورے کئے۔سابق چیئرمین سینیٹ فاروق ایچ نائیک نے تین جبکہ شیریں رحمان نے چار غیر ملکی دورے کئے ۔اسی طرح قائد حزب اختلاف راجہ ظفر الحق نے پانچ جبکہ قائد ایوان شبلی فراز نے9 غیر ملکی دورے سرکاری خرچ پر کئے۔امیگریشن ذرائع کے مطابق سینیٹرجاوید عباسی نے آٹھ،سینیٹر بیرسٹر سیف نے پانچ غیر ملکی دورے سرکاری خرچ پر کئے،سینیٹر عتیق شیخ نے چار،خوش بخت شجاعت نے چار،سینیٹر عبدالقیوم نے چار غیرملکی دورے سرکاری خرچ پر کئے ۔دیگر اراکین سینٹ میں سینیٹر کلثوم پروین نے سات،سینیٹر ستارہ ایاز چار ،اعظم سواتی نے دو جبکہ نعمان وزیر خٹک نے سرکاری خرچ پر پانچ غیر ملکی دورے کئے۔سینیٹر میر کبیر اور سینیٹر عثمان کاکڑ نے چار چار غیر ملکی دورے سرکاری خرچ پر کئے۔علاوہ ازیں سینیٹر جوہن کینتھ ویلم نے پانچ جبکہ سینیٹر اورنگزیب خان نے چار ،سینیٹر مشاہد حسین سید نے8 اور سینیٹر نزہت صادق نے6،سینیٹرصائمہ سعید نے پانچ جبکہ سینیٹر عائشہ رضافاروق نے چار،سینیٹر محسن عزیز نے چار،سسی پلیجو نے پانچ،سینیٹراسلام الدین شیخ نے چار جبکہ سینیٹر خانزادہ خان نے تین دورے کئے ۔سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری اور سینیٹر ساجد میر سرکاری خرچ پر ایک ایک دورہ کر چکے ہیں تاہم ذرائع کے مطابق سینیٹر سراج الحق،سینیٹر مولوی فیض محمد،سینیٹر عطاء الرحمن نے کوئی غیر ملکی دورہ نہیں کیا ۔