اسلام آباد(آن لائن) صدر ڈاکٹر عارف علوی ترک صدر رجب طیب اردگان کی دعوت پر اتوار کی صبح ترکی کے 3روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہو گئے۔ اپنے دورہ کے دوران صدر مملکت استنبول کے نئے تعمیر کئے گئے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت اور خطاب کریں گے۔ افتتاحی تقریب میں دیگر ممالک کے صدور اور وزرائے اعظم بھی شرکت کریں گے۔
اپنے دورہ کے دوران صدر مملکت ترک صدر سمیت دیگر ممالک کی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ حکومت کی کفایت شعاری مہم کے مطابق صدر مملکت نے عام پرواز سے سفر کیا اور پروٹوکول کے بغیر انہوں نے اپنی سیکورٹی کلیئرنس کرائی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عام مسافروں کی طرح لائن میں لگ کر امیگریشن کا عمل مکمل کیا۔