لاہور ( این این آئی)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس انوار الحق نے بروقت انصاف کی فراہمی کے لیے شام کے اوقات میں عدالتیں لگانے کا فیصلہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ شام کے اوقات میں عدالتیں لگانے کا فیصلہ کیا گیا اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ انوار الحق 3 نومبر کو ان عدالتوں کا افتتاح کریں گے۔بتایا گیا ہے کہ بچوں کو جرائم کے ماحول سے بچانے کے لیے شام کے اوقات میں عدالتیں لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔یہ عدالتیں 2سے شام 6بجے
تک لگیں گی اور سول ججز ان عدالتوں میں مقدمات کی سماعت کریں گے۔اس کے علاوہ موسم گرما میں شام کی عدالتوں کے اوقات 4 سے رات 8 بجے تک ہوں گے اور اگر یہ تجربہ کامیاب ہوتا ہے تو عدالتوں کے دائرہ کار کو پنجاب بھر تک بڑھایا جائے گا۔واضح رہے کہ ملک میں جلد انصاف کی فراہمی کے لیے چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار بھی پیش پیش ہیں اور وہ کئی مرتبہ اتوار کے روز بھی عدالتیں لگا کر مقدمات کی سماعت کرتے ہیں۔