اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیرکا فون نہ سننا آئی جی اسلام آباد کو مہنگا پڑ گیا،عہدے سےہی ہٹا دیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت نے آئی جی اسلام آباد جان محمد کو عہدے سے ہٹا کر انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق جان محمد کو وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اعظم سواتی کا فون نہ سننے پر عہدے سے ہٹایا گیا ہے۔اعظم سواتی کا تنازعہ اپنے فارم ہاؤس کے قریب خیمہ بستی میں مقیم کچھ ناپسندیدہ عناصر سے چل رہا تھا۔چند روز قبل اعظم سواتی کے
گارڈز اور ان کے درمیان جھگڑا بھی ہوا تھا۔وفاقی وزیر کا ناپسندیدہ عناصر کے خلاف کارروائی کے لیے آئی جی اسلام آباد پر شدید دباؤ تھا۔جس کی وجہ سے جان محمد نے اعظم سواتی کا فون اٹینڈ کرنا ہی چھوڑ دیا تھا۔جس پر اعظم خان سواتی نے وزیراعظم کو آئی جی کی شکایت لگائی اور ان کے رویے سے متعلق بتایا۔دوسری جانب وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ جان محمد کو ہٹانے کے معاملے کا اعظم سواتی کیساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔واضح رہے جان محمد پی ایس پی پولیس سروس آف پاکستان کے گریڈ 20 کے آفیسر ہیں۔