اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سرکاری دورے پر جانے والے کاروباری افراد اپنے اخراجات خود اداکریں گے۔سرکاری نوٹیفیکیشن کے مطابق وزیر اعظم کے دورہ چین کے دوران وفد میں شامل کاروباری شخصیات اپنے اخراجات جیب سے ادا کریں گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم عمران خان چین کے دورے پر جا رہے ہیں جہاں وہ اعلیٰ حکام سے ملاقات کے علاوہ انٹرنیشنل ایکسپورٹ ایکسپو میں شرکت کریں گے۔یہ ایکسپو چین کے شہر شنگھائی میں منعقد ہونے جارہی ہے۔
اس موقع پر حکومتی و سرکاری حکام کے علاوہ کچھ کاروباری شخصیات بھی وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ ہوں گی۔ان کاروباری شخصیات میں عاطف رئیس خان،مسٹر یاور،ممتاز احمد مسلم ،فرحان طالب اور محمود بقیع مولوی شامل ہیں۔یہ تما م کاروباری شخصیات بھی وزیر اعظم کے وفد کا حصہ ہوں گی۔اس حوالے سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن میں واضح طور پر لکھا گیا ہے کہ یہ کاروباری شخصیات اس دورے کے دوران آنے والے اخراجات اپنی جیب سے ادا کریں گی۔عوام نے اس فیصلے کو سراہا ہے۔