اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ کے بعد چینی وزیر خارجہ کی پاکستان آمد ، آج تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے 6گھنٹہ دورہ پاکستان کے بعد آج چینی وزیر خارجہ وانگ ژی تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ اپنے دورے کے دوران وہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کریں گے جب کہ پاک چین وزرائےخارجہ وفودکی سطح پرمذاکرات بھی کریں گے۔چینی وزیر خارجہ کا
ائیرپورٹ پر پاکستان کے اعلیٰ حکام استقبال کرینگے۔ چینی وزیرخارجہ وزیراعظم عمران خان اورآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کریں گے۔ترجمان چینی وزارت خارجہ ہوا چن ینگ کا کہنا ہے کہ وزیرخارجہ پاکستانی ہم منصب کی دعوت پرپاکستان جارہےہیں جہاں وہ حکام سے اعلیٰ سطح ملاقاتیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اچھے پڑوسی، دوست اور بھائی ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون اورترقی کاعمل جاری ہے۔