اسلام آباد(سی پی پی ) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما مولا بخش چانڈیو نے تحریکِ انصاف کی حکومت کے ابتدائی 20 دنوں کی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ قوم کا مسئلہ گاڑیاں نیلام کرنے سے حل نہیں ہوگا‘صدارتی انتخابات میں پی ٹی آئی کی نہیں جمہوری عمل کی حمایت کی۔
ہماری کوئی مجبوری نہیں ہاں اْن کی ہو سکتی ہے جو جیل میں ہیں‘ جمہوری حمایت میں کوئی فرینڈلی کہتا ہے تو کہے‘ اپوزیشن کو تقسیم کرنے والے ہم نہیں ن لیگی ہیں۔ یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ سو دنوں میں سے 20 دن گزر گئے ہیں، باقی 80 دن بھی ایسے ہی گزر جائیں گے، دہشت گردی، بھوک اور افلاس کے لیے آپ نے کیا کیا یہ بتائیں، قوم کو بنیادی مسائل کا حل بتائیں۔مولا بخش کا کہنا تھا کہ اچھے حکمران پہلے ہی دن تبدیلی دکھا دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باتیں نہیں ہمیں کام چاہیے، وزیر اعظم ہاؤس میں کتنی گاڑیاں کتنے ملازم ہیں یہ قوم کا مسئلہ نہیں، آپ دہشت گردوں کی حمایت کرتے رہے ہیں، آپ نے بھی اشتہاری مہم چلائی ہوئی ہے۔پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ صدارتی انتخابات میں انھوں نے جمہوری عمل کی حمایت کی، پی ٹی آئی کی نہیں، ان کی کوئی مجبوری نہیں، ہاں اْن کی ہو سکتی ہے جو جیل میں ہیں۔ جمہوری حمایت میں کوئی فرینڈلی کہتا ہے تو کہے۔مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی آئندہ 80 دن مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریکِ انصاف کو کچھ نہیں کہے گی، انھیں آزادی ہے، اپوزیشن کو تقسیم کرنے والے ہم نہیں ن لیگی ہیں۔