ہری پور(سی پی پی )وزیراعظم عمرا ن خان نے ہر ی پور میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کے تحت ملک بھر میں اتوار کو ایک روزہ شجرکاری مہم چلائی جانی تھی‘جس کے مطابق وزیراعظم نے ہری پور میں پودا لگا کر مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا۔وزیراعظم نے ’’پلانٹ فار پاکستان ‘‘کے عنوان سے شجر کاری مہم کاآغاز کیا۔
شجرکاری مہم کے آغاز پر خصوصی دعابھی کی گئی۔اس موقع پر وزیراعلی خیبر پختونخوابھی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ تھے۔ منصوبہ ’’پلانٹ فار پاکستان‘‘کے تحت ملک کے تمام بڑے شہروں میں بیک وقت لاکھوں کی تعداد میں پودے لگائے گئے ۔مہم کے تحت ملک بھر میں دس ارب پودے لگائے جائیں گے۔گزشتہ روز ’’پلانٹ فار پاکستان ‘‘ مہم کے باقاعدہ افتتاح کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ شجر کاری سے ماحولیاتی آلودگی ختم ہو گی۔200 پوائنٹس پر آج پودے لگائے جا رہے ہیں،ہم نے5 سال میں پاکستان کو سر سبز کر دینا ہے۔جہاں بھی خالی جگہ ملے گی وہاں پودے لگائے جائیں گے۔اگر ہم نے درخت نہ لگائے تو ملک ریگستان بن جائیگا۔ملک کو بچانے کے لیے درخت لگا رہے ہیں۔ہماراملک ساتویں نمبرپرہے جس کو ماحولیاتی آلودگی کا خطرہ ہے،سب جانتے ہیں کہ شجر کاری مہم کا مقصد کیا ہے۔درخت لگانے سے بارشیں ہوں گی۔یہ زندگی اور موت کی جنگ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ درخت ہواکوصاف کرتے ہیں،شجرکاری اورصفائی نصاب میں شامل کریں گے۔دوسری جانب اسلام آباد میں شجر کاری مہم کا وزیر ریلوے شیخ رشید نے اسلام آباد ایکسپریس وے پر پودا لگا کر افتتاح کیا۔ شجرکاری مہم کے تحت ملک بھر میں 10 ارب پودے لگائے جائیں گے۔ اسلام آباد ایکسپریس وے پر شیخ رشید نے پودا لگایا، انھوں نے ریلوے کے سات ڈویژنوں میں 28 نرسریاں قائم کرنے کی خوشخبری بھی سنا دی۔
انھوں نے کہا کہ ملک بھر میں ریل پٹڑی کے گرد درختوں کی باڑ لگائی جائیگی۔ عمران خان کا خواب سودن میں پورا کرنے کی نوید بھی سنا دی۔ ملک کے دیگر شہروں کی طرح خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی شجر کاری مہم کے تحت لاکھوں پودے لگائے گئے، پشاورمیں دولاکھ جبکہ خیبر ڈویژن میں ایک لاکھ پودے لگائے گئے۔گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول نمبرایک پشاورمیں شجرکاری مہم کا اغا ز کرتے ہوئے کمشنر پشاور شہاب علی شاہ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ شجرکاری مہم کے تحت پشاورمیں 2 لاکھ پودے جبکہ صوبے کے دیگراضلاع میں ایک ایک لاکھ پودے لگائے گئے۔
سکولوں، کالجز اور یونیورسٹیوں کے علاوہ کھیلوں کے میدانوں میں بھی پودے لگائے جارہے ہیں، اسی طرح خیبرڈویژن میں بھی ایک لاکھ پودے لگانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ڈی سی خیبرڈویژن کے مطابق شجرکاری مہم کے تحت ہر سب ڈیویژن میں تیس ہزار پودے لگائے جائیں گے،کوہاٹ کے علاقے کے ڈی اے میں بھی ایک لاکھ پودے لگانے کا ہدف رکھا گیا ہے، پشاور میں جاری شجرکاری مہم میں انتظامیہ، محکمہ جنگلات کے اہلکاروں سمیت سکولز اور کالجز کے طلبا نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
ملک بھر میں شجر کاری کے تحت 10 ارب پودے لگائے جائیں گے، اس مہم کا افتتاح وزیراعظم عمران خان نے ہری پور میں پودا لگا کر دیا ہے۔اس کے علاوہ ماحولیاتی آلودگی اور سیلاب سے بچا کیلئے لوئر دیر میں محکمہ جنگلات، فوج، پولیس، ضلعی انتظامیہ اور مقامی لوگوں نے شجرکاری مہم کا آغاز لوئر دیر کے علاقے تیمر گرہ ، ترئی ، میدان اور جندول سے کیا۔کمانڈنٹ دیر ٹاسک فورس کرنل شہزاد امیر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد ارشاد خان نے شجر کاری مہم کا افتتاح کیا۔
پولیس بھی اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے سرگرم دکھائی دی۔ ڈی پی او عارف شہباز نے لوگوں میں پودے تقسیم کیے جبکہ سرکاری اور نجی اسکولوں کے طلبا بھی اس مہم کی کامیابی کیلئے پرعزم ہیں۔شجرکاری مہم کے تحت پہلے فیز میں 70 ہزار پودے لگائے گئے ،مرحلہ وار یہ تعداد بڑھائی جائیگی۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا 5 سال میں 10 ارب پودے لگانے کا ہدف ہے۔