اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سپریم کورٹ کی جانب سے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی تاحیات نااہلی کے فیصلے کے بعد لیگی ارکان نے عدالت کے باہر نعرے بازی کی تھی،ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق دو روز گزرنے کے بعد ان لیگی ارکان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ اس مقدمے میں ن لیگ کی خاتون ایم پی اے تحسین جواد، ساجد اعوان اور رفیق چوہدری سمیت دیگر ارکان کو نامزد کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ تھانہ سیکرٹریٹ پولیس نے لیگی کارکنان کے احتجاج کے معاملے پر آخر کار
دو روز بعد مقدمہ درج کر لیا ہے، اس مقدمے میں اعلیٰ عدلیہ کے خلاف نعرہ بازی اور دیگر دفعات بھی شامل ہیں لیکن مقدمے کے اندراج کے بعد تاحال کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔ ٹی وی ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے باہر لیگی کارکنوں کے احتجاج کے بعد آئی جی کی سخت سرزنش کرتے ہوئے اعلیٰ افسران کے تبادلے کر دیے گئے ہیں جبکہ متعلقہ ایس ایچ او کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔ اس بابت اعلیٰ پولیس حکام سے باز پرس کی گئی کہ لیگی ارکان سپریم کورٹ تک کیسے پہنچ گئے۔