اسلام آباد(آن لائن)سپریم کورٹ نے چیئرمین نادرا سے تارکین وطن کیلئے شناختی کارڈ فیس میں کمی کی تفصیلات ایک ہفتے میں طلب کرلیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے ہیں کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ریلیف ملتا نظر آنا چاہیے۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے تارکین وطن سے شناختی کارڈ کی زائد فیس وصولی پر از خود نوٹس کی سماعت کی، چیئرمین نادرا عثمان مبین نے عدالت کو بتایا
کہ حکومت نے نائیکوپ کارڈز کی فیس کم کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سمندر پار پاکستانیوں کوریلیف ملتا نظر آنا چاہیے، عثمان مبین نے کہا کہ وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد سمری واپس نادرا کو موصول نہیں ہوئی، سپریم کورٹ نے چیئرمین نادرا کو حکم دیا ہے کہ تارکین وطن کیلئے شناختی کارڈ فیسوں میں کی گئی کمی کی تفصیلات ایک ہفتہ میں پیش کریں۔