اسلام آباد(سی پی پی) سوشل میڈیا پر وائرل جنازے کی تصویر پر ازخودنوٹس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے ایم این اے را محمد اجمل ، ایم پی اے رضا گیلانی اور چیئرمین بلدیہ ذوالفقار شاہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جمعرات کو طلب کر لیا۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے سوشل میڈیا پر وائرل جنازے کی تصویر پر ازخود نوٹس کی سماعت کی،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ
جس جگہ کی تصویرتھی وہاں کے کونسلرعدالت میں ہیں۔چیف جسٹس آف پاکستان نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے دیکھاہے کہ علاقے میں کیاہورہا ہے؟،اس مسئلے کو حل کرنا آپ لوگوں کا کام ہے ،آپ لوگوں نے اس ملک کو قیادت دینی ہے ،چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ مقامی حکومت نے لوگوں کی فلاح کیلئے کام کرناہے، گندگی کی وجہ سے جنازہ لے جانے والوں کے کپڑے ناپاک ہوگئے۔اس پر کونسلر حجرہ شاہ مقیم نے عدالت کو بتایا کہ ہم خودبھی جنازے میں شریک تھے،نایاب کاشف نے کہاکہ لینڈمافیانے جنازہ گاہ اورقبرستان پرقبضہ کررکھاہے،حجرہ شاہ مقیم کے پارک کوپلاٹس بناکرفروخت کیاجارہاہے،کونسلر نے عدالت کو بتایا کہ میونسپل کمیٹی کے چیئرمین نے جنازہ گاہ پرقبضہ کررکھاہے۔چیف جسٹس ثاقب نثار نے استفسار کیا کہ حجرہ شاہ مقیم میں ایم این اے اورایم پی اے کون ہیں؟اور ان کا تعلق کس جماعت سے ہے؟کونسلر نے عدالت کو بتایا کہ را محمد اجمل ایم این اے اور رضا گیلانی ایم پی اے ہیں،دونوں ارکان اسمبلی کا تعلق مسلم لیگ ن سے ہے ۔چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ دونوں ارکان اسمبلی کو بلا لیتے ہیں،سپریم کورٹ نے کونسلرز کو تحریری شکایت جمع کرانے کی ہدایت کر دی اور ایم این اے را محمد اجمل ، ایم پی اے رضا گیلانی اور چیئرمین بلدیہ ذوالفقار شاہ کوذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے سماعت جمعرات تک ملتوی کردی۔