اسلام آباد(اے این این )خاتون اول ڈاکٹر ثمینہ شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ جب شاہد خاقان وفاقی وزیر تھے تب بھی کوئی سکیورٹی گارڈ ان کے پاس نہیں تھا اب وزیراعظم بنے تو بھی ان کا کہنا تھا کہ میرا محافظ اللہ ہے،مجھے کسی گارڈ کی ضرورت نہیں۔ایک نجی خبررساں ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں خاتون اول نے کاکہنا تھا کہ ہماری فیملی میں سادگی ہمارے آباو اجداد سے آئی جو آج تک قائم ہے ،کبھی بھی انہوں نے سیاسی طور پر بھی
آگے آنے کی کوشش نہیں کی ،جب وہ وفاقی وزیر تھے تب بھی ہمارے پا س کوئی سیکورٹی گارڈ نہیں تھا ،ایک وقت میں ان کی والدہ نے سیکورٹی کے لئے تو کہا تو شاہد خاقان نے کہا کہ میرا محافظ بھی اللہ ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے بچوں کو ہمیشہ سیاست سے دور رکھا کیونکہ میرا خیا ل ہے کہ سیاست میں آنے کی وجہ سے آپ اپنی فیملی کووقت نہیں دے سکتے لیکن اب میر ے خیالات بدل گئے ہیں ،میرے بڑے دو بیٹے تو شاید سیاست میں نہ آئیں لیکن چھوٹے بیٹے کی تعلیم سیاست کے حوالے سے ہی ہے اس کا خود کا ارادہ بھی ہے لیکن ان کے والد اس کی حوصلہ افزائی نہیں کرتے ۔ پاکستانی سیاست کے بارے پوچھے جانے والے سوال میں ان کا کہنا تھا کہ آپ کی فیملی لائف تو ڈسٹرب ہو تی ہے لیکن اپنی قوم کے وسیع تر مفاد میں سیاست میںآناچاہیے پاکستان کوگزشتہ ستر سالوں میں سیاسی طورپر نقصان پہنچایا گیا اگر ملک میں جمہوریت قائم رہتی تو آج یکسرمختلف ہوتے۔