راولپنڈی(اے این این) لائن آف کنٹرول کے مختلف علاقوں میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے دو خواتین سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق بھارتی فوج نے ایک بار ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائربندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔ بھارتی فوج نے اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایل او سی کے علاقوں کھوئی رٹہ، کوٹلی، بٹل اور راولا کوٹ سیکٹرز پر شدید فائرنگ کی جس کے نتیجے
میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق زخمی ہونے والوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پاک فوج نے بھارتی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے دشمن کی توپوں کو خاموش کرادیا۔واضح رہے کہ حالیہ عرصے میں بھارت کی جانب سے نہ صرف کنٹرول لائن بلکہ ورکنگ بانڈری پر بھی فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ شدید ہوگیا ہے جس کی وجہ سے بہت سے عام شہری شہید اور زخمی ہوگئے ہیں۔