اسلام آباد (آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے صدر سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے لئے فیصلہ کوئی اور کسی کے لئے کوئی یہ کیسا انصاف ہے‘ پارٹی اور قوم میرے خلاف فیصلہ قبول نہیں کرتی‘ عمران خان نے نیازی سروسز کے اکائونٹ میں لاکھوں پائونڈ کا ہونا تسلیم کیا‘
عمران خان نے تسلیم کیا نیازی سروسز میرا اثاثہ ہے‘ عمران خان کی بیگم نے پیسے بھیجنے تھے تو میاں کے اکائونٹ میں بھیجتی ہم اب ناانصافی کے خلاف تحریک چلائیں گے۔ منگل کو پنجاب ہائوس میں نواز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کا مشاورتی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں مریم نواز‘ دانیال عزیز اور عبدالقادر بلوچ نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ہمارے خلاف فیصلے نے ملکی ترقی کے سفر کو روکا۔ ترقی کے سفر کو روکنا ملک دشمنی ہے۔ ہمارے لئے فیصلہ کوئی اور کسی کے لئے کوئی یہ کیسا انصاف ہے ہم اب ناانصافی کے خلاف تحریک چلائیں گے۔ پارٹی اور قوم میرے خلاف فیصلہ قبول نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں مجرم ہوں بینچ کہتا ہے مجرم نہیں۔ عمران خان کی بیگم نے پیسے بھیجنے تھے تو میاں کے اکائونٹ میں بھیجتی۔ نواز شریف نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ بنی گالہ کا گھر کیسے بنا ‘ جمائمہ خاوند کو پیسے بھیجنے کے بجائے کسی اور کو پیسے بھیجتی ہے۔ عمران خان نے تسلیم کیا نیازی سروسز میرا اثاثہ ہے عمران خان نے نیازی سروس کے اکائونٹ میں لاکھوں پائونڈ کا ہونا تسلیم کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی غیر ملکی فنڈنگ کا معاملہ بھی پانچ سال تک کیوں محدود کیا گیا اس طرح کے اندھے فیصلے ہم قبول نہیں کریں گے۔