اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) نواز شریف اور ان کے صاحبزادوں حسن نواز اور حسین نواز کے بعد اب نیب نے مریم نواز کو تفتیش کے لیے کل طلب کر لیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ نیب نے نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو کل لاہور آفس میں پیش ہونے کے لیے کہا ہے۔ اس کے علاوہ سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کے صاحبزادوں حسن نواز، حسین نواز اور اسحاق ڈار کو بھی کل پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سپریم کورٹ کے حکم پر نیب عزیزیہ اسٹیل مل کیس کی تحقیقات کر رہا ہے۔
اگر نواز شریف اور ان کے صاحبزادے حسن اور حسین نواز کل پیش نہیں ہوتے تو اس صورت میں ان کی گرفتاری بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ نیب نے اس حوالے سے اپنی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ اس کے علاوہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے صاحبزادوں حسن نواز اور حسین نوازکو ملک سے فرار ہونے سے روکنے کے لیے ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے وزارت داخلہ کو درخواست دے دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ حسن نواز اور حسین نواز پہلے ہی ملک سے باہر ہیں۔