اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کے زیر کنٹرول چلنے والے میڈیا سیل کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ پارٹی کے اندر نواز شریف مخالف عناصر کے خلاف بھر پور سوشل میڈیا مہم چلائی جائے۔ ذرائع کے مطابق میڈیا سیل کو ہدایت جاری کی گئی ہیں کہ نواز شریف کے مخالفین خصوصاً جو پارٹی اور خاندان میں موجود ہیں ان کو فوکس کیا جائے اور ان کے خلاف سو شل میڈیا پر جارحانہ مہم چلائی جائے ۔ مختلف گروپ شریف خاندان میں پاناما کیس کے
فیصلے کے بعد آنے والے فاصلوں کو بڑے غور سے دیکھ رہے ہیں اور نئی سیاسی صف بندیاں کر رہے ہیں ۔ جس میں ایک گروپ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہبازکی لائن فالو کر رہے ہیں۔دوسری جانب مریم نواز نے اپنے میڈیا سیل کو اپنے والد کے مخالفین کے خلاف جارحانہ وار کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا خاندان ممکنہ طو ر پر کلثوم نواز کوپارٹی کا مستقل سربراہ بنانے کا ارادہ رکھتا ہے لیکن اس کے برعکس ان کے بھتیجے حمزہ شہباز اس کے مخالف ہیں ۔واضح رہے کہ شریف خاندا ن پارٹی کے اندر اختلافات کی خبروں کی تردید کرتاآرہا ہے۔