لاہور (آئی این پی)الیکشن ٹربیونل نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 کے ضمنی انتخاب کیلئے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار بیگم کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کیخلاف پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل میر کی دائر درخواست کو سماعت کیلئے منظور کرلیا‘ سماعت (کل)پیر کو ہو گی ‘درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ
مسلم لیگ (ن) کی امیدوار کلثوم نواز نے اپنے کاغذات نامزدگی میں حقائق چھپائے اوراقامہ کا بھی ذکر نہیں کیا جس پر انہیں نااہل قرار دیا جائے۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی کے مطابق پیپلز پارٹی نے بھی حلقہ این اے 120 سے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری چیلنج کر دی۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل میرنے الیکشن ٹربیونل میں اپیل دائر کی ہے جس میں انہوں نے الیکشن کمیشن،نیب لاہور اور اسلام آباد، اسٹیٹ بینک کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ این اے 120 سے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار کلثوم نواز نے اپنے کاغذات نامزدگی میں حقائق چھپائے اوراقامہ کا بھی ذکر نہیں کیا جس پر انہیں نااہل قرار دیا جائے۔واضح رہے کہ این اے 120 کی نشست سابق وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی ،ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ17 ستمبر کو ہوگی اور کانٹے کے مقابلے کی توقع ہے۔