لاہور(آئی این پی) عوامی تحریک نے این اے 120 سے مسلم لیگ کی امیدوار بیگم کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کا فیصلہ الیکشن ٹربیونل میں چیلنج کر دیا، لاہور ہائیکورٹ کے 2 ججز پر مشتمل الیکشن ٹربیونل 21 اگست سے سماعت شروع کرے گا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون رشید شیخ اور جسٹس شاہد وحید پر مشتمل الیکشن ٹربیونل تشکیل دیا گیا ہے جو 21 تا 24 اگست تک ریٹرننگ افسر کی طرف سے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے یا
مسترد کرنے کے فیصلوں کیخلاف سماعت کرے گاالیکشن ٹربیونل کے روبرو عوامی تحریک کے امیدوار اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ نے کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ریٹرننگ افسر نے حقائق کو نظر انداز کر کے کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور کئے ہیں درخواست میں کہا گیا ہے کہ ریٹرننگ افسر نے اپنے فیصلے میں کلثوم نواز کے اقامے کی بنیاد والے معاہدے اور ٹیکس ریکارڈ میں تضادات کے اعتراضات کا جواب نہیں دیا جبکہ سپریم کورٹ کی طرف سے نواز شریف کی نااہلی کے بعد کلثوم نواز بھی الیکشن لڑنے کی اہل نہیں رہی ہیں درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم کیا جائے اور کلثوم نواز کو الیکشن کیلئے نااہل کیا جائے۔