کراچی(این این آئی)سندھ ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت آئین سے غداری کا مقدمہ چلانے کی درخواست مسترد کردی ہے۔جمعہ کوسندھ ہائی کورٹ میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی گرفتاری اور ان کے خلاف آرٹیکل 6 تحت مقدمہ چلانے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی جس میں درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو گرفتار کرکے آرمی کے حوالے کیا جائے اور سخت تفتیش کی جائے،
نواز شریف کے سہولت کار، شہباز شریف، احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، خواجہ آصف اور کابینہ کے دیگر اراکین سے بھی تفتیش کا حکم دیا جائے۔درخواست گزار کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ نواز شریف اور دیگرکے خلاف بھارت سے مراسم رکھنے پر جے آئی ٹی تشکیل دینے اور ملکی سلامتی کے اداروں کو حکم دیا جائے کہ معاملے کو باریک بینی سے دیکھیں، سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف آرٹیکل 6 اور مملکت سے غداری کا مقدمہ چلانے کا حکم دیا جائے۔سماعت کے موقع پر چیف جسٹس ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ وزیر اعظم پر الزامات ہیں اس پر کارروائی کا ہمارا دائرہ اختیار نہیں، عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئے درخواست گزار کو وزیراعظم کے خلاف کارروائی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔