اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے سینئر صحافی چوہدری غلام حسین نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس سے آرمی چیف کو ایک خط لکھا گیا ہے جس میں آرمی چیف سے پانچ حاضر سروس جرنیلوں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے اس خط میں آرمی چیف کو کہا گیا ہے کہ جے آئی ٹی میں آپ کے جو افسران موجود ہیں وہ ہمارے خلاف سازشیں کر رہے ہیں۔
سینئر صحافی چوہدری غلام حسین نے کہا کہ یہ خبر وزیر اعظم ہاؤس سے ملی ہے کہ آرمی چیف کو خط لکھا گیا ہے۔ اس خبر کے مطابق آرمی چیف کو بھیجے گئے خط میں لکھا گیا ہے کہ جے آئی ٹی میں موجود پاک فوج کے دو بریگیڈئیرز ہمارے خلاف کام کر رہے ہیں۔ پاک فوج کے یہ افسران ہمارے خلاف سازشیں کر رہے ہیں اور مختلف لوگوں پر دباؤ ڈال کر ہمارے خلاف گواہ بنا رہے ہیں۔ چوہدری غلام حسین نے کہا کہ اس سارے معاملے میں وزیر داخلہ چوہدری نثار کا نام استعمال کیا جا رہا ہے کہ یہ خط انہوں نے جاری کیا۔ چوہدری غلام حسین نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس خط میں پانچ جرنیلوں کے خلاف کارروائی کی جو خواہش کی گئی ہے وہ خواہش کو مودی کی ہے جو ہمارے کشمیریوں کو مار رہے ہیں اور ہماری سرحدوں پر حملے کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہماری فوج کے خلاف جو بھی خط لکھ رہا ہے وہ آگ سے کھیل رہا ہے اور ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔