اسلام آباد( این این آئی )پاکستان میں چین کے سفارتخانے کے نائب سربراہ ژو لیجان نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری ان کے ملک کے ایک خطہ ایک شاہراہ وژن کا بہترین منصوبہ ہے۔اسلام آباد میں ایک خطہ ایک شاہراہ اور سی پیک کے موضوع پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفارتکار نے کہا کہ اربوں ڈالر کے سی پیک منصوبہ میں جو پاکستان اور چین کا باہمی منصوبہ ہے ، گوادر کی ترقی ، توانائی کے منصوبوں ، مواصلات
کے بنیادی ڈھانچے اور صنعتی تعاون کو ترجیح دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ساہیوال کے کوئلے سے چلنے والے 660میگاواٹ بجلی گھر کا دوسرا یونٹ مکمل ہو گیا ہے اور افتتاح کیلئے تیار ہے۔دوسرے یونٹ کے افتتاح سے پلانٹ کی پیداواری گنجائش 1320میگاواٹ ہو جائے گی۔چینی سفارتکار نے توقع ظاہر کی کہ کوئلے سے چلنے والا پورٹ قاسم بجلی گھر اس سال مکمل ہو جائے گا جبکہ سندھ میں تین ونڈ فارمز بھی تکمیل کے قریب ہیں۔