واشنگٹن/لندن (آئی این پی)امریکہ نے پاکستان سے متعلق پالیسی سخت کرنے کا عندیہ دیدیا،برطانوی میڈیا نے وائٹ ہائوس کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان میں ڈرون حملوں میں اضافہ کرنے پر غور کیا جارہا ہے اور امریکی امداد بھی کم کر دی یا روک دی جائے ۔برطانوی خبررساں ادارے ’’رائٹرز‘‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ پاکستان میں پناہ گاہیں بنائے ہوئے جنگجوں کے خلاف زیادہ
کارروائیاں کرنے پر تیار نظر آتی ہے۔ وائٹ ہائو س کے ایک اعلی اہلکار نے بتایا کہ اس بارے میں غور کیا جا رہا ہے کہ پاکستان میں ڈرون حملوں میں اضافہ کر دیا جائے اور امریکی امداد بھی کم کر دی یا روک دی جائے۔ اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اس اہلکار نے مزید کہا کہ واشنگٹن حکومت شاید پاکستان کے ساتھ جاری عسکری تعاون میں کمی کرنے کا بھی سوچ سکتی ہے۔ تاہم اس نئی حکمت عملی کے بارے میں کوئی حتمی دستاویز ابھی جاری نہیں کی گئی۔