سکھر(آئی این پی)پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اورقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ نو از شریف اور عمران خان پر ایک جیسے کیسز ہیں اس لیے دونوں ہی نااہل ہوں گے جب کہ میاں صاحب خود ہی اپنی باتوں میں جکڑ چکے ہیں، کہیں سے ڈور ہل رہی ہے تو قومی قیادت کو اعتماد میں لے کر بتائیں کہ کون ڈور ہلارہا ہے ۔ جے آئی ٹی متنازع نہیں ہے ان کی کوشش ہے اسے متنازع بنایا جائے،
پاکستان کیلئے اس وقت اہم معاملہ مسلم ممالک کا اتحاد ہے ، قطر ہمارا برادر اسلامی ملک ہے جس نے مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے ، قطر نے مشکل وقت میں میاں صاحب کو خط بھی دے دیا ۔ ہفتہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید خورشید نے کہا کہ کہ جے آئی ٹی کو متنازع بنانے کی کوشش کی جارہی ہے اور نوازشریف نے کبھی قطری خط کی بات نہیں کی وہ تو کبھی جے آئی ٹی تو کبھی پیپلز پارٹی پر الزام لگارہے ہیں جب کہ میاں صاحب کے پاس صفائی کیلئے کچھ بھی نہیں ہے۔ پہلے قطری خط اور باقی دستاویزات کے بارے میں کوئی ذکر نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور عمران خان پر ایک جیسے کیسز ہیں اس لیے دونوں ہی نااہل ہوں گے جب کہ میاں صاحب خود ہی اپنی باتوں میں جکڑ چکے ہیں اور ڈوریاں نہیں ہل رہیں یہ خود ہی ہل رہے ہیں۔ خورشید شاہ نے کہا کہ کہیں سے ڈور ہل رہی ہے تو قومی قیادت کو اعتماد میں لے کر بتائیں کہ کون ڈور ہلارہا ہے ۔ جے آئی ٹی متنازع نہیں ہے ان کی کوشش ہے اسے متنازع بنایا جائے ۔ جے آئی ٹی سے بہت کچھ نکل رہا ہے ، نوازشریف کی خارجہ پالیسی مکمل طور پر ناکام ہے ۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور قطر دونوں ہم سے خوش نہیں ہیں ، سعودی عرب اور قطر کے معاملے پر ہماری پالیسی واضح نہیں ہے ۔خورشید شاہ نے کہا کہ اس وقت اہم معاملہ مسلم ممالک کا اتحاد ہے، قطر ہمارا برادر اسلامی ملک ہے جس نے مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ، قطر نے مشکل وقت میں میاں صاحب کو خط بھی دیا ہے ۔