اسلام آباد(آئی این پی)وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے پانامہ کیس کی تحقیقات کیلئے قائم جے آئی ٹی کے سامنے وزیراعظم نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر دونوں بھائیوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل اکیڈمی چھوڑنے آئے تاہم وہ کیمروں کی آنکھ سے اوجھل رہے ۔ جمعرات کو وزیراعظم نوازشریف کی جے آئی ٹی پیشی کے موقع پر بھی وزیرداخلہ وزیراعظم نوازشریف کے ساتھ جوڈیشل اکیڈمی آئے تھے تاہم وہ کیمروں کی آنکھ سے اوجھل رہے ۔ وزیراعظم نوازشریف جے آئی ٹی پیشی کے لئے جب وزیراعظم ہاؤس سے روانہ ہوئے تھے تو کچھ وزراء کے
اصرار پر وزیراعظم نے روانگی سے قبل اپنی صاحبزادی مریم نواز اور وزراء کے ساتھ گروپ فوٹو بنوایا تھا لیکن وزیرداخلہ گاڑی میں سوار رہے اور وہاں بھی وہ کیمرے کی آنکھ سے اوجھل رہے ۔چوہدری نثار کی وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے دیرینہ دوستی ہے اس لئے وہ ہفتہ کو جے آئی ٹی پیشی کے موقع پر بھی شہبازشریف کے ساتھ جوڈیشل اکیڈمی آئے اور وزیراعلیٰ کی گاڑی ڈرائیو کر کے لائے اور شہباز شریف کو جوڈیشل اکیڈمی چھوڑ کر اپنی گاڑی میں واپس گئے ۔ وزیراعظم نے سفید رنگ کی جو پرائیویٹ گاڑی استعما ل کی ، وزیر اعلیٰ پنجاب بھی اپنی پیشی کے موقع پر اسی گاڑی پر جوڈیشل اکیڈمی آئے ۔