اسلام آباد (آئی این پی) کوئٹہ سے چینی جوڑے کے اغواء کے واقعے سے متعلق مزید اہم شواہد سامنے آئے ہیں ، چینی جوڑے کے اغواء کی تحقیقات کی روشنی میں وزارت داخلہ نے اردو اکیڈیمی کے مالک جنوبی کوریا کے باشندے جوان وان سیو عرف گلبرٹ کا ویزہ منسوخ کردیا ۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق کوئٹہ سے چینی جوڑے کے اغواء کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
چینی جوڑے کے اغواء کی تحقیقات کے دوران یہ معلوم ہوا ہے کہ جنوبی کوریا کا باشندہ جوآن وان سیوعرف گلبرٹ بزنس ویزے پر پاکستان آیا اور یہاں اردو اکیڈیمی کے نام سے ایک انسٹیٹیوٹ کھولا ۔ تحقیقاتی اداروں کو دوران تفتیش پتہ چلا کہ جوآن وان سیو گلبرٹ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم ہے اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہے ۔جس پر وزارت داخلہ نے جنوبی کوریا کے باشندے کا ویزہ منسوخ کر دیا ۔ ذرائع کے مطابق دوران تفتیش یہ بات سامنے آئی کہ کچھ عرصہ قبل چینی باشندوں کو خروٹ آباد کے علاقے سے پولیس نے اپنی تحویل میں لیا اور ان کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی پیشکش کی تاہم ان چینی باشندوں نے سیکیورٹی لینے سے انکار کر دیا ۔ دوسری طرف سیکیورٹی اور انٹیلی جنس ادارے اس تمام واقعہ کے پس منظر اور سوشل میڈیا پر جاری کی گئی مغویوں کی تصاویر کا بغور جائزہ لے رہے ہیں تاکہ کسی حتمی نتیجے تک پہنچا جا سکے اور اس بات کی بھی تصدیق کی جا سکے کہ اغواء کیے گئے دونوں چینی باشندے واقعہ ہی قتل کر دیئے گئے ہیں یا نہیں ۔