اسلام آباد(آئی این پی )آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد کی جانب سے افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا ، افطار ڈنر میں پاکستان مسلم لیگ (ق)کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سمیت دیگر اعلیٰ سیاسی شخصیات نے شرکت کی ۔اس موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پانامہ لیکس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا،حکومت مخالف سیاسی اتحاد بنانے کیلئے ہم خیال جماعتوں سے مشاورت جاری ہے ۔آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد کا کہنا تھا کہ زرداری اور نوازشریف کے علاوہ تمام سیاسی جماعتوں
سے مشاورت جاری ہے ،پرویز مشرف کے سیاسی جماعتوں کے سربراہان سے ٹیلیفونک رابطے جاری ہیں ، پرویز مشرف کا ڈاکٹر طاہر القادری اور چوہدری شجاعت حسین سے حکومت مخالف سیاسی اتحاد بنانے کے لئے رابطہ ہوا ہے، عید کے بعد آل پاکستان مسلم لیگ فیصل آباد میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی ۔ قبل ازیں آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ وسابق صدر پرویز مشرف سے مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین ٹیلیفونک رابطہ ہوا ۔اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان ملکی سیاسی صورتحال اور حکومت مخالف سیاسی اتحاد بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔