اسلام آباد (این این آئی) وزیر اعظم محمد نواز شریف آج پانا مالیکس کی تحقیقات کیلئے قائم جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونگے اس سلسلے میں وزیر اعظم کی جوڈیشل اکیڈمی میں آمد کے لئے سیکیورٹی پلان کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی آمد سے قبل علاقے میں جیمرز نصب کئے جائیں گے اس کے علاوہ جوڈیشل اکیڈمی کے گرد تین سیکیورٹی حصار قائم کئے جائیں گے ٗ اکیڈمی کے اندر ایلیٹ فورسز کے جوانوں کو تعینات کیا جائیگا جبکہ بیرونی سیکیورٹی کی ذمے داری رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں پر ہوگی۔ذرائع کے مطابق جوڈیشل اکیڈمی سے متصل آئی ایٹ پارک کو بھی بند کردیا جائے گا اس کے علاوہ جب تک وزیراعظم جوڈیشل اکیڈمی میں موجود رہیں گے اس وقت تک جوڈیشل اکیڈمی کے ملازمین اپنے دفتر سے باہر نہیں نکل سکیں گے۔