اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)دوست ملک کے فوجیوں کو پاک فوج نے بڑا کام کرنے کے لیے تیار کر لیا تفصیلات کے مطابق نائیجریا سے آنے والے اسپیشل فورسز کے اہلکاروں نے پاک فوج کے اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) ٹیم کی جانب سے دی جانے والی انسداد دہشت گردی ٹریننگ مکمل کر لی ہے۔ نائیجیرین اسپیشل فورسز کو تربیلا میں واقع ایس ایس جی ٹریننگ سینٹر میں خصوصی تربیت فراہم کی گئی۔
تربیلا دورے کے موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ ردعمل ظاہر کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج انسداد دہشت گردی آپریشنز کے تجربات اور جدید ٹریننگ سہولتوں کو ان دوست ممالک کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے تیار ہے جو دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے اپنی عسکری صلاحیتوں میں اضافے کے خواہش مند ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق نائیجیرین اسپیشل فورسز کے اہلکار گزشتہ 8 ہفتوں سے تربیلا کے ایس ایس جی ٹریننگ سینٹر میں انسداد دہشت گردی کی تربیت حاصل کررہے تھے جو اب مکمل ہوچکی ہے۔ نائیجیرین دستے میں 440 ٹرینی اہلکار اور 26 افسران شامل تھے جنہوں نے پاک فوج سے تربیت حاصل کی۔اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے نائجیرین دستے کو فراہم کی جانے والی تربیت کے معیار اور تربیت حاصل کرنے والے دستے کی کارکردگی کو سراہا۔