راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) خصوصی کورکمانڈرز کانفرنس نے افغانستان میں حالیہ دہشت گردی کے بعد پاکستان پر الزامات اور دھمکیوں کو مستردکرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان پر الزام تراشی اوردھمکیوں کی بجائے افغانستان اپنے حقیقی مسائل کو سمجھے اورانہیں حل کرے ‘ افغانستان کو چاہئے کہ وہ اپنے گریبان کے اندر دیکھے ‘پاک فوج ہر قسم کے خطرات سے مادر وطن کا دفاع کرے گی‘ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیارہیں‘
افغانستان میں دہشتگردی ، انتہاپسندی کے خاتمے اور قیام امن کے لیے مدد جاری رکھیں گے ۔ موقر قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق منگل کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت خصوصی کورکمانڈر کانفرنس منعقد ہوئی۔ اجلاس نے افغانستان میں حالیہ دہشت گردی کے تناظر میں علاقائی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا‘شرکاء نے افغانستان میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افغانستان کے عوام اور سکیورٹی فورسز سے یکجہتی کا اظہار کیا‘ دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف تعاون اور حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ‘فورم نے کابل میں دہشت گردی کے بعد پاکستان پر الزامات اور دھمکیوں کا بھی نوٹس لیا‘کانفرنس کے شرکا نے افغانستان کی جانب سے بلاجواز الزامات، دھمکیوں کو سنجیدگی سے لیا اور کہا کہ دھماکوں کے بعد پاکستان کے خلاف الزامات اور دھمکیاں قبول نہیں‘فورم نے قرار دیا ہے کہ افغانستان الزام تراشیوں کی بجائے اپنے اصل مسائل پر توجہ دے ۔علاقائی امن و استحکام کے لئے حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے فورم نے کہا کہ پاک فوج مادروطن کے دفاع اور ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مکمل تیار ہے ۔