اسلام آباد (این این آئی)وزار ت داخلہ کے ترجمان نے کہاہے کہ ایک سیاسی پارٹی کی طرف سے حسین نواز کی فوٹو لیک ہونے کی ذمہ داری وزارت داخلہ پر ڈالنا ایک انتہائی بے بنیاد ٗلغو اور مضحکہ خیز الزام ہے۔ایک بیان میں ترجمان وزارتِ داخلہ نے کہاکہ جوڈیشل اکیڈمی کی صرف بیرونی سیکیورٹی اسلام آباد پولیس کے پاس ہے۔ اکیڈمی کے انتظامی امور میں اسلام آباد پولیس یا وزارتِ داخلہ کو کوئی عمل دخل نہیں ترجمان نے کہاکہ اسلام آباد پولیس سمیت وزارتِ داخلہ کے کسی ڈیپارٹمنٹ یا ادارے
کی رسائی نہ تو جے آئی ٹی کے دفاتر اور نہ اسکی کارروائی یا فلم بندی تک ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ انتہائی نامناسب ہے کہ ایک حساس مسئلے پر اس انداز سے سیاست کی جائے اگر یہ منطق مان لی جائے تو عمران خان کو سیکیورٹی بھی اسلام آباد پولیس ہی دیتی ہے کیا جو کچھ بنی گالہ رہائشگاہ کے اندر ہوتا ہے اسکی ذمہ داری بھی اسلام آباد پولیس اور وزارتِ داخلہ پر ڈال دی جائے؟۔