لاہور(آئی این پی) لاہور کی سیشن عدالت میں مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سینیٹر نہال ہاشمی کیخلاف غداری کے مقدمہ کے اندراج کے لیے درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ہفتہ کو مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر اور رہنما نہال ہاشمی کے خلاف غداری کے مقدمہ کے اندارج کے لیے لاہور کی سیشن عدالت میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔درخواست عمران بھٹہ اور قمرسوہل ایڈووکیٹ نے دائر کی ہے ، عدالت نے دونوں وکلا کو دلائل کے لیے طلب
کر لیا ہے جبکہ اسلامپورہ پولیس سے 7 جون تک رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔ایڈیشنل سیشن جج واجد منہاس کی عدالت میں دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ نہال ہاشمی نے اپنی تقریر میں عدلیہ کو دھمکیاں دی ہیں۔ لیگی رہنما نے جے آئی ٹی پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی ہے۔تقریر عدلیہ اور ریاستی اداروں کے کام میں مداخلت ہے ، عدالت سے استدعا کی گئی کہ اسلامپورہ پولیس کو نہال ہاشمی کیخلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔