اسلام آباد (آن لائن) ترجمان وزیر اعظم ہاؤس مصدق ملک نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی سے تعاون نہ کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے کونسی چیز دیکھ کر حکومت کو سسلی مافیا کہا گیا ہے ۔ وزیر اعظم نے تسلیم کیا کہ 90 کی دہائی میں غلطیاں ہوئی لیکن اب وہ غلطیاں نہ کر کے تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں ۔ ہفتہ کے روز مصدق ملک نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ
حکومت مکمل طور پر جے آئی ٹی سے تعاون کر رہی ہے اور ہمارے تعاون نہ کرنے کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے حکومت مکمل طور پر عدالت میں احترام کے ساتھ اپنا موقف پیش کر رہی ہے اور ہم نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے انہوں نے کہا کہ حکومت کو سسلی مافیا کہا گیا ہے سسلی مافیا تو قتل غارت اور لوٹتی تھی ہم نے کونسی ایسی چیز کی ہے جو کہ ایسے الفاظ استعمال کئے جا رہے ہیں ایک سوال کے جواب میں مصدق ملک نے کہا کہ نہال ہاشمی نے نازیبا گفتگو کی تو وزیر اعظم نے چند گھنٹوں کے اندر ان کی رکنیت معطل کر دی اور سینٹ سے مستعفی ہونے کی بھی ہدایت کر دی انہوں نے کہا کہ 90 ء کی دہائی میں ہونے والی غلطیوں کو وزیر اعظم نواز شریف نے خود تسلیم کیا ہے لیکن اب ہم وہ دوبارہ غلطیاں نہیں دہرائیں گے بلکہ ملک اور قوم کی ترقی کے لئے تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں تاکہ ملک کی جانب سے مثبت سائن دنیا کو جائے حکومت اداروں کے درمیان کشیدگی کو ختم کرنا چاہتی ہے تاکہ ملک کا نقصان نہ ہو ۔