اسلام آباد (آن لائن)قطری شہزادہ شیخ حماد بن جاسم الثانی کو سپریم کورٹ کی جانب سے پانامہ کیس کی تحقیقات کے لئے بنائی گئی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) آئندہ دو سے تین روز میں پیشی کیلئے طلب کرسکتی ہے جبکہ قطری شہزادے کی جے آئی ٹی کے سامنے پیشی کیلئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ،شہزادے کا سٹاف بھی پیشگی طور پر لاہور پہنچ گیا ہے،
ایک رپورٹ کے مطابق قطری شہزادے کے ساتھ ان کا ترجمان اور وکیل جے آئی ٹی میں پیش ہوں گے جب کہ شہزادے کا سٹاف لاہور میں پہنچ چکاہے ، شہزادہ خصوصی طیار ے کے ذریعہ براہ راست اسلام آباد پہنچے گا۔ قطری شہزادے کو اسلام آباد میں شہزادے کا پروٹوکول دیا جائے گا اور وہ دارالحکومت کے سب سے بڑے ہوٹل میں تقریبا دو دن قیام کرینگے۔دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز شریف نے بھی جے آئی ٹی میں پیش ہونے کا ہوم ورک مکمل کرلیا ہے ۔وزیراعظم نے بھی ساتھیوں کو مطلع کردیا کہ طلبی پر وہ فوری طور پر جے آئی ٹی میں پیش ہونگے اور اپنا موقف دینگے ۔ نوازشریف کو بیٹے کی جانب سے قرض بھجوائی گئی ر قم کے ٹریل کے کاغذات بھی تیار کرلیے گئے ہیں جے آئی ٹی کو نواز شریف کی فیملی کی طرف سے مطلع کردیا جائے گا کہ قطری شہزادہ، مریم نواز شریف اور میاں نواز شریف کے بلانے پر پیش ہونے کیلئے میسر ہوں گے۔