اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیر اعظم کے صاحبزادے حسین نواز سے جے آئی ٹی نے تین گھنٹے تک پوچھ گچھ کی ، اس موقع پر صدر نیشنل بینک سعید احمد نے بھی جے آئی ٹی کے سامنے بیان قلمبند کروایا ، اس موقع پر شدید گرمی اور حبس کی وجہ سے حسین نواز کی طبیعت خراب ہوگئی ، اچانک شوگر لیول کم ہونے کی وجہ سے ہنگامی بنیادوں پر وہاں ایمبولینس طلب کی گئی جس میں حسین نواز کو طبی امداد دی گئی ۔ حسین نواز تقریباً تین گھنٹے تک جے آئی ٹی ٹیم کے ساتھ رہے
اور ٹیم کے تمام سوالوں کے جوابات دیئے ۔ جے آئی ٹی نے ان سے فلیٹس کے حوالے سے کی گئی منی ٹریل کا ریکارڈ طلب کیا تھا ۔ حسین نواز کی آمد کے موقع پر صحافیوں اور سکیورٹی اہلکاروں میں دھکم پیل بھی ہوئی اور تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا ۔ ن لیگ کی رہنما طارق فضل چودھری ، نہال ہاشمی ، حنیف عباسی ، چودھری تنویر ، شیخ انصر و دیگر رہنما شامل تھے ۔ حسین نواز کی آمد کے پیش نظر سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے ۔