اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)جڑواں شہروں کی اہم شاہراہیں ، موبائل سگنل بند، جنگی ہیلی کاپٹروں اور جیٹ طیاروں کی نیچی پروازیں، شہری گھروں سے باہر نکل آئے۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی اسلام آباد کے باسی اتوار کے روز چھٹی کے دن ابھی سو کر اٹھنے کی تیاریاں
کر ہی رہے تھے کہ جنگی ہیلی کاپٹروں اور جیٹ طیاروں کی گھن گرج نے سب کو چونکا دیا، شہری اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔ جبکہ راولپنڈی اسلام آباد کی اہم شاہراہیں مری روڈ، ڈبل روڈ تا فیض آباد روڈ، ہائی وے، کشمیر ہائی وے ، سیکٹرG-7آمدورفت کیلئے بند کر دیا گیا جبکہ حساس مقامات اور شاہراہوں کا کنٹرول پاک فوج نے سنبھال لیا ہے جس کی مدد کیلئے اسلام آباد پولیس بھی موجود ہے۔ شہریوں کی بڑی تعداد شاہراہوں کی بندش کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہے جبکہ متبادل روٹ اور انتظامات نہ ہونے کے باعث خواتین، بزرگ شہریوں اور مریضوں کو انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اچانک اس صورتحال سے پریشان شہریوں نے جب شاہرائوں پر تعینات پاک فوج کے جوانوں سے صورتحال بارے دریافت کیا تو ان کی جانب سے بتایا گیا کہ پریڈ گرائونڈ میں یوم پاکستان کی مسلح افواج کی پریڈ کی تیاریوں کے سلسلے میں ریہرسل جاری ہے جس کے باعث سکیورٹی انتظامات کے باعث شاہرائوں اور موبائل سگنلز کو بند کیا گیا۔