اسلام آباد(این این آئی)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے چینی کمیونسٹ پارٹی کے وفد نے ملاقات کی ہے،چیئرمین تحریک انصاف نے سی پیک پر اپنے موقف سے چینی وفد کو تفصیلاً آگاہ کیا۔
ترجمان تحریک انصاف نعیم الحق کے مطابق ڑینگ ڑیازونگ کی قیادت میں آنے والے وفد کا چیئرمین تحریک انصاف نے خیر مقدم کیا۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کرپشن کے خلاف چینی حکومت کے اقدامات پر بریفنگ میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔ ترجمان کے مطابق غربت کے خاتمے کیلئے چینی حکومت کے اقدامات خصوصی طور پر ملاقات میں زیر بحث آئے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے سی پیک پر اپنے موقف سے چینی وفد کو تفصیلاً آگاہ کیا۔
چیئرمین عمران خان نے واضح کیا کہ سی پیک دونوں ملکوں کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے۔ نعیم الحق کے مطابق پاکستان کے عوام بالعموم اور تحریک انصاف بالخصوص سی پیک کی تعمیر میں چینی حکومت کے کردار کو سراہتی ہے۔ ملاقات میں شہری ترقی میں چین کے تجربات پر بھی خصوصی گفتگو کی گئی۔ چینی وفد نے ملاقات میں چیئرمین تحریک انصاف کو دورہ چین کی خصوصی دعوت دی۔ چیئرمین تحریک انصاف نے چینی وفد کی دورہ چین کی دعوت قبول کی۔ چینی وفد نے ملاقات کیلئے وقت دینے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔