لاہور( این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ پانامہ لیکس نے ایگزیکٹو اور پارلیمنٹ سے زیادہ عدلیہ کی ساکھ کو داغدار کر دیا ۔ٹوئٹر پر اپنے بیان میں بلاول بھٹو نے کہاکہ ہمارا نظام تباہ ہوچکا ہے ،اسے ٹھیک کرنے کے لئے ہمیں مل جل کر کام کرنا چاہیے۔جبکہ پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات شوکت بسرا نے کہاہے کہ کیا چیف جسٹس صاحب کو پہلے پتہ نہیں تھاکہ وہ ریٹائرہونے والے ہیں ؟ ،بیگناہوں کو پھانسیاں اور طاقتوروں کے مقدمات میں تاریخ پر تاریخ دینے سے عدلیہ کا اعتماد ختم ہو گیاہے ۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کے قریب ہونے کے باوجود معزز چیف جسٹس نے خود کو پاناما لیکس پٹیشنز سننے والے بنچ میں کیوں شامل کیا ؟کیا چیف جسٹس صاحب کو اندازہ نہیں تھاکہ پاناما لیکس جیسا پیچیدہ مقدمہ چند ماہ میں نہیں نمٹایا جا سکتا۔ شوکت بسرانے کہاک ہ پاناما لیکس پر مقدمہ کئی ماہ سے قوم کے اعصاب پر سوار ہے، اب جنوری کے بعد دوبارہ نئے سرے سے قوم کے اعصاب کا امتحان لیا جائے گا ؟۔ انہوں نے کہا کہ بیگناہوں کو پھانسیاں اور طاقتوروں کے مقدمات میں تاریخ پر تاریخ دینے سے عدلیہ کا اعتماد ختم ہو گیا ہے۔پیپلز پارٹی نے اپنے نادان دوستوں کو عدالت میں جانے سے اس لئے روکا تھا کہ وہاں انصاف نہیں ہوگا،اسی لئے چیئرمن بلاول بھٹو نے جمہوری احتساب کا نعرہ لگایا ۔