اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاک فوج کے سبکدو ش ہونے والے سپہ سالار جنرل راحیل شریف نے دہشت گردی کیخلاف بننے والے اسلامی فوجی اتحاد کی سربراہی سنبھالنے کی مشروط آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ذرائع کے مطابق جنرل راحیل شریف نے شرط عائد کی ہے کہ انہیں متحارب گروپوں کے درمیان مصالحت کروانے کا اختیار بھی دیا جائے تو اس صورت میں وہ اسلامی فوجی اتحاد کی کمان سنبھال سکتے ہیں۔ذرائع کے مطابق جنرل راحیل شریف کا موقف ہے کہ اگر انہیں مصالحتی کردار ادا کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی تو وہ صرف ایک فریق کی حمایت میں لڑنے والی فوج کی کمان سنبھالنے کو تیار نہیں۔
ایک نجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے اپنے سفارتی اہلکاروں کے ذریعے جنرل راحیل شریف کو پیغام بھجوایا ہے کہ اگر وہ مصالحتی کردار کے ساتھ اسلامی فوجی اتحاد کی کمان سنبھالتے ہیں تو ایران یمن کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے ان کا ساتھ دے گا اور حوثی باغیوں کو مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے بھی بھرپور کردار ادا کرے گا۔