اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف بارے غیر ذمہ دارانہ و غیر پیشہ وارانہ ریمارکس دینے پر پاکستان الیکٹرنک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے نجی ٹی وی چینل ARY نیوز کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔ تفصیل کے مطابق نجی ٹی وی چینل میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف بارے غیر ذمہ دارانہ تبصرہ کیا گیا تھا جس پر پیمرا نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ARY نیوز کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔ پیمرا کے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پروگرام کے میزبان اور ماہرین کے آرمی چیف بارے تبصرے غیر ذمہ دارانہ ہونے کے ساتھ ساتھ آرمی چیف کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کا باعث بنے تھے۔ ایک طرف پاکستان آرمی کی پیشہ وارانہ صلاحیتیں اور دہشتگردی کیخلاف جنگل قابل تعریف ہے تو دوسری جانب اس قسم کے تبصرے ان کی ساکھ کیلئے نقصان کا باعث بن رہے ہیں۔ پیمرا نے آرٹیکل 18 اور 204 پیمرا قواعد و ضوابط 2007-9 ء اور سپریم کورٹ کے واضح احکامات کی خلاف ورزی پر نجی چینل کو نوٹس جاری کیا۔ نوٹس کے جواب کیلئے چینل کو 7 دن کی مہلت دی گئی ہے۔ پیمرا نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پیمرا کو یہ حق یہ کہ وہ مذکورہ پروگرام کو بند کر دے یا اسے 10 لاکھ روپے جرمانہ کرے یا پھر چینل کا لائسنس معطل کردے۔