اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پانامہ لیکس کیس میں حکومت کو ٹف ٹائم نہ دینے اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں کی جانب سے اعتراضات پر پاکستان تحریک انصاف نے سپریم کورٹ میں اپنا وکیل تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیل کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے گزشتہ روز کی سماعت کے بعد وکیل تبدیل کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نعیم بخاری اور حامد خان کی جگہ پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء اور سابق وزیر قانون ڈاکٹر بابر اعوان کو نیا وکیل مقرر کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان لندن سے واپسی پر اپنا وکیل تبدیل کرنے یا نہ کرنے کا حتمی فیصلہ کریں گے۔ واضح رہے کہ حامد خان وزیر اعظم نواز شریف کے وکیل سلمان اسلم بٹ کے پارٹنر بھی ہیں۔