اسلام آباد(آئی این پی) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ریٹائرمنٹ کا واضح اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنرل راحیل جو وراثت چھوڑ کے جا رہے ہیں وہ لازوال ہے ، اس پر ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں ، سینئر ترین چار ، پانچ جرنلز ایک ہی کورس کے ہیں ، انہوں نے ایک ہی دن کمیشن لیا، اگر ان سینئرز سے ہٹ کے کسی کا انتخاب کیا گیا تو آپ تنقید کرسکتے ہیں ،آج خوش ہوں کیونکہ فتح سیالکوٹ کے عوام کی ہوئی ہے ۔
وہ جمعرات کو نجی ٹی وی کو انٹرویو دے رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف لازوال وراثت چھوڑ کے جا رہے ہیں اس پر ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں ، سینئر ترین چار ، پانچ جرنلز ایک ہی کورس کے ہیں اور انہوں نے ایک ہی دن کمیشن لیا اگر ان سینئرز سے ہٹ کے کچھ ہو تو آپ تنقید کریں ۔ خواجہ آصف نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی وزیراعظم کا اختیار ہے اور اس میں تاخیر غیر معمولی بات نہیں ہے ، خدا ہمارے فیصلوں میں برکت ڈالے اور یہ نیک فیصلے ثابت ہوں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آج میرے لئے بہت اہم دن ہے کیونکہ آج سیالکوٹ کے عوام کی فتح ہوئی ہے اور 2013میں عوام کے فیصلے کو آج عدالت نے تسلیم کیا ہے ۔