نیویارک (این این آئی)اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے جنرل اسمبلی میں سلامتی کونسل اصلاحات اجلاس سے خطاب میں مستقل ارکان میں اضافے کی مخالفت کر تے ہوئے کہا ہے کہ غیرمستقل ارکان کی تعداد میں اضافے سے سلامتی کونسل کا طرزعمل مزید جمہوری قابل احتساب شفاف اور مزید موثرہوگا۔ ملیحہ لودھی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان سلامتی کونسل میں مستقل ارکان کی تعداد میں اضافے کا مخالف ٗ غیرمستقل ارکان کی تعداد بڑھانے کا حامی ہے۔ا
نہوں نے کہاکہ غیرمستقل ارکان کی تعداد میں اضافے سے سلامتی کونسل کا طرزعمل مزید جمہوری، قابل احتساب، شفاف اور مزید موثرہوگا۔جنرل اسمبلی میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سلامتی کونسل اصلاحات میں رکاوٹ کی وجہ کچھ ریاستوں کا غیرمساویانہ رویہ ہے۔ملیحہ لودھی نے کہاکہ سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کی وجہ سے پہلے ہی مشکلات درپیش ہیں ایسے میں ارکان کے مزید اضافے سے عالمی ادارے کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ آج مفادات کے ٹکراؤ کے باعث سلامتی کونسل مفلوج ہے ایسے میں ہم تصور کرسکتے ہیں کہ مزید مستقل ارکان کی موجودگی میں صورت حال کیا ہوگی۔انھوں نے کہا کہ مستقل ارکان میں اضافہ اختیارات اور طاقت کے بھوکے چند ممالک کیلئے اطمینان کا باعث ہوگا اور اس میں مسائل کو زیربحث نہیں لایا جائے گا۔سلامتی کونسل میں اصلاحات میں مستقل ارکان کی تعداد میں اضافے کی مخالفت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ارکان کی تعداد میں اضافہ خود اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہوگی۔