اسلام آباد(ایکسکلوژو رپورٹ) پاکستان اور چین کے مشترکہ تاریخ ساز منصوبے کے تحت پاک، چین اقتصادی راہداری کا پہلا قافلہ پاکستان کے صوبے خیبر پختونخواہ میں پہنچ گیا۔ تفصیل کے مطابق چین سے آنے والا پہلا تجارتی قافلہ خیبر پختونخواہ میں پہنچ گیا ہے۔ یہ قافلہ پاک ، چین اقتصادی راہداری کا پہلا تجارتی قافلہ ہے ۔ قافلہ رات بٹ گرام میں قیام کرنے کے بعد آج گوادر کیلئے روانہ ہو رہا ہے۔ چین سے معروف شاہراہ ریشم کے ذریعے پاکستان میں داخل ہونے والا پہلا تجارتی قافلہ 46 ٹرکوں پر مشتمل ہے۔ چین سے پاکستان آنے والے تجارتی قافلے کی سیکورٹی کیلئے سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں اور اس سلسلے میں خیبر پختونخواہ پولیس اور پاک فوج کے جوان سیکورٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ چین سے آنے والے پہلے تجارتی قافلے سے پاک،چین اقتصادی راہداری کی تجارتی سرگرمیوں کا آغاز ہو گیا ہے۔